ملتان روڈ :اتارے گئے 8 پیڈیسٹرین پل 7 سال سے غیر محفوظ

 اورنج ٹرین منصوبہ کے دوران اتارے پلوں کامجموعی وزن تقریباً 3500 ٹن تھا
محفوظ ، منتقل یا سٹور کرنے کا کوئی منصوبہ نہ بنا ، 50 کروڑ کے اثاثے خطرے میں 
لاہور (خصوصی رپورٹ) اورنج ٹرین منصوبے کے دوران ملتان روڈ کی توسیع اور بحالی کے لیے سی اینڈ ڈبلیو کے آٹھ پیڈیسٹرین پل اتارے گئے۔ ان اتارے گئے پلوں کا مجموعی وزن تقریباً 3500 ٹن تھا، تاہم انہیں محفوظ کرنے، منتقل کرنے یا سٹور کرنے کا کوئی باقاعدہ منصوبہ نہیں بنایا گیا۔پل مختلف سٹورز اور خالی پلاٹوں میں بکھرے پڑے ہیں، جس کے باعث تقریباً پچاس کروڑ روپے مالیت کے سرکاری اثاثے غیر محفوظ اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ گزشتہ سات سالوں میں نہ تو محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے پلوں کی منتقلی کا کوئی فیصلہ کیا اور نہ ہی ایل ڈی اے انتظامیہ نے مو ثر حفاظتی اقدامات کیے۔بارہا محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو پلوں کی موجودہ حالت اور ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا گیا، تاہم انتظامیہ خاموش رہی اور کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ اب ایل ڈی اے انتظامیہ ان پلوں کی نیلامی سے متعلق پالیسی بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے، مگر سات سال گزرنے کے باوجود سرکاری خزانے کے قیمتی اثاثے غیر محفوظ ہیں۔شہریوں نے تشویش کااظہارکرتے ہوئے اتارے گئے پلوں کوفوری طورپرمحفوظ بنانے کامطالبہ کیاہے۔