رمضان کی آمد ،مافیا سرگرم ،مہنگائی کا طوفان

 انڈے فی درجن 230 سے بڑھ کر 272 ہو گئے، چھوٹا گوشت 200 ، بڑا گوشت 300روپے کلو مہنگا،چینی 160 تک جا پہنچی 
سیب، کیلا، خربوزہ، کینو، سٹرابری کی قیمت میں 100سے 300 تک اضافہ،موسمی سبزیوں کے نرخ مستحکم،انتظامیہ خاموش ، ریٹ لسٹ پر عمل نہیں ہو رہا ، صارفین
لاہور(کرائم رپورٹر) رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی منافع خوروں نے کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق چند روز میں انڈے فی درجن 230 سے بڑھ کر 272روپے ہوگئے ، مٹن کی قیمت 200 روپے اضافے سے 2500 روپے کلو تک پہنچ گئی جبکہ بیف 1100 سے بڑھ کر 1400 روپے مل رہا ہے۔مارکیٹ ذرائع کا بتانا ہے کہ چینی 124 روپے سے بڑھ کر 155 اور 160 روپے کلو تک جا پہنچی ہے، اسی طرح سیب، کیلا، خربوزہ، کینو اور سٹرابیری کی قیمت 100سے 300روپے تک بڑھ چکی ہے۔اسی طرح سیب، کیلا، خربوزہ، کینو اور سٹرابیری کی قیمت 100سے 300روپے تک بڑھ چکی ہے اس حوالے سے کنزیومر ایسوسی ایشن نے بتایا انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، سرکاری ریٹ لسٹ پر عمل نہیں ہو رہا اور منافع خور اپنی مرضی سے قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ دوسری طرف موسمی سبزیاں مناسب ریٹ پر دستیاب ہیں ،تاہم منافع خوری بدستور جاری رہی۔ پیاز سرکاری نرخ 75 کے بجائے 100، ٹماٹر کا 40 کی جگہ 60، آلو 55 کی جگہ 70 ،لہسن چائنہ 625 کے بجائے 750 ،ادرک چائنہ 375 کی جگہ 450 روپے کلو تک فروخت کیا گیا۔ بند گوبھی اور پھول گوبھی پالک،ساگ شلجم اور گاجر 40 جبکہ مولی 30 روپے کلو رہی۔ گزشتہ روز برائلر گوشت نرخ 595 روپے کلو ،فارمی انڈے 272 روپے درجن رہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق چند روز تک سبزیاں کم نرخ پر دستیاب رہنے کا امکان ہے۔