عمران خان کا یہ جرم امریکا معاف کر سکتا ہے نہ برطانیہ اور نہ ہی پاکستان کے عوام معاف کریں گے،وفاقی وزیر منصوبہ بندی
ایک اناڑی کو ملک کی چابیاں دے کر کرسی پر بٹھا دیا گیا، خود کہتا تھا مجھے اب پتاچلا ہے حکومت کیسے چلاتے ہیں، جلسے سے خطاب
نارووال (آئی این پی )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی غریب عوام کے 64 ارب روپے کھا گئے ہیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کے غریب عوام کے 64 ارب روپے پر ڈاکا ڈالا، پی ٹی آئی والے کس منہ سے اپنے لیڈر کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔نارووال میں سڑک کے افتتاح کے بعد جلسے سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے جب بھی حکومت چھینی جاتی ہے پاکستان پر تباہی اور بربادی اپنے سائے ڈال لیتی ہے، ایک اناڑی کو ملک کی چابیاں دے کر کرسی پر بٹھا دیا گیا وہ خود کہتا تھا کہ مجھے اب پتہ چلا ہے کہ حکومت کیسے چلاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی ڈرائیونگ سکول کی گاڑی نہیں تھی کہ پاکستان کا وزیراعظم بنا کر کسی کو وزیر اعظم بننے کی تربیت کا موقع دیا جائے۔احسن اقبال نے کہاکہ 4 سالوں میں ملک کی معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی، اس شخص نے پاکستانی قوم کو تقسیم کرکے چپے چپے پر جگ ہنسائی کروائی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ دوسروں کو چور ڈاکو کہتا تھا رسیدیں مانگتا تھا جب اس کی رسیدیں دکھانے کی باری آئی تو پتہ چلا اس نے پاکستان پر64 ارب کا ڈاکا ڈالا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے غریب عوام کے 64 ارب روپے پرڈاکا ڈال کر کھایا، عمران خان کا یہ جرم نہ امریکہ معاف کر سکتا ہے نہ برطانیہ معاف کر سکتا ہے نہ پاکستان کے عوام معاف کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکہ ، برطانیہ میں کوئی لیڈر 64 ارب روپے کا ڈاکہ خزانے میں ڈالے گا تو اپنی قوم کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا۔احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کس منہ کے ساتھ اپنے لیڈر کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں، آپ کو شیخ رشید کا بیان یاد ہے جب انہوں نے کہا تھا کہ شکر ہے کہ ہماری حکومت چلی گئی ورنہ لوگوں نے ہمیں بڑے پتھر مارنے تھے۔