وزیراعظم شہباز شریف نے مظفرآباد میں یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر میں طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے افواج پاکستان کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت کو وہ سبق سکھایا گیا جو وہ ساری زندگی یاد رکھے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی عظمت، ترقی اور خوشحالی کے لیے عوام نے عظیم قربانیاں دی ہیں، اور بھارت سے جنگ کے دوران کشمیریوں سمیت تمام پاکستانیوں نے افواج پاکستان کی فتح کے لیے دعا کی۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر بھی تنقید کی کہ انہوں نے عوام پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ لیپ ٹاپس طلباء کو سفارش پر نہیں بلکہ میرٹ کی بنیاد پر دیے جا رہے ہیں، اور دانش سکولوں کا معیار عالمی سطح کے اداروں سے بھی بہتر ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نوجوانوں کو دانش یونیورسٹی کے ذریعے جدید تعلیم فراہم کی جائے گی، اور ہر فرد کو معاشرے میں اپنا مقام بنانے کے مواقع ملیں گے۔شہباز شریف نے کشمیری عوام کے حوالے سے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان اور مقبوضہ کشمیر بھی آزاد ہوگا۔