ایک شخص نے ایڈریس پوچھنے کے بہانے روکا اورجیب میں ڈبی نما چیزڈال دی،بم پھاڑنے کی دھمکی دے کر گھر سے سامان لوٹ لیا،متاثرہ شہری
لاہور(کرائم رپورٹر)شہرمیں لوٹ مار کا نیا انداز، ڈاکو نے جیب میں بم ڈالنے کی دھمکی دیکر شہری کو لوٹ لیا۔متاثرہ شہری ڈاکو کوخود گھر لایا، لوٹ ماربھی کروائی اورواردات کے بعد ڈاکو کو خود واپس چھوڑ نے گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ شالیمار کے رہائشی سید حسن نے تھانہ شالیمار میں درخواست دی کہ ہ وڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ سیٹھاں باغیچی والا کے قریب ایک شخص نے اسے روک کر ایڈریس پوچھا ،اس دوران میری جیب میں ڈبی نما چیز ڈال دی اور کہنے لگا کہ اس میں ریمورٹ بم ہے جسے وہ پھاڑ دے گا۔ لہٰذا چپ چاپ میرے ساتھ چلو اور موبائل اور چیزیں میرے حوالے کر دو ۔میں اس کے ساتھ اپنے گھر آگیا اور گھر سے دو تولے زیور جس میں نتھ، بالیاں ،کانٹے ، 4عدد انگوٹھیاں ،66ہزار سے زائد نقدی ، موبائل فون ، پرس آئی ڈی کارڈ اس کے حوالے کر دیا جس کے بعد وہ نامعلوم شخص فرار ہو گیا۔ پولیس نے متاثرہ شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے شواہد کی مدد سے تفتیش شروع کر دی۔