لاہور(کرائم رپورٹر) موٹروے پولیس نے آج شام سے موٹروے M-1، M-14 اور جی ٹی روڈ N-5 کے مختلف حصوں کو دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق M-1 اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف ٹریفک بند رہے گی۔ اس دوران اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ/ترنول، سنگجانی/AWT، براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینج بند رہیں گے۔موٹروے M-14 پر ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف ٹریفک بند رہے گی، جبکہ ہکلہ، فتح جنگ، پنڈی گھیپ، کھڑپہ، تراپ، دائود خیل، کوٹ بیلیاں، عیسیٰ خیل اور کنڈل انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔ جی ٹی روڈ N-5 پر اٹک خورد کے مقام پر بھی دونوں اطراف ٹریفک بند رہے گی۔دوسری جانب 23 ستمبر سے موٹروے M-2 پر لاہور سے اسلام آباد جانے والی بڑی گاڑیوں اور کارگو وہیکلز کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ موٹروے پولیس کے مطابق M-2 اور M-3 پر موجود بڑی گاڑیوں کو کالا شاہ کاکو کے مقام سے جی ٹی روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔