دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی کرکٹ آپریشنز ورکشاپ آج سے دبئی میں شروع ہو رہی ہے، جس میں 2027 سے 2031 تک کے فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) کے حوالے سے اہم امور پر غور اور مشاورت متوقع ہے۔
آئی سی سی کی موجودہ ایف ٹی پی سائیکل مارچ 2027 میں مکمل ہو جائے گی، جس کے بعد نئی سائیکل کا آغاز ہوگا۔ ذرائع کے مطابق دبئی میں رواں ہفتے ہونے والی ملاقاتوں میں مختلف اہم معاملات پر پیش رفت متوقع ہے، تاہم 2027-31 کے مکمل اور حتمی فیوچر ٹور پروگرام کا اعلان نومبر میں بالی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس سے قبل متوقع نہیں۔ذرائع کے مطابق ایف ٹی پی کو حتمی شکل دینے میں مختلف ممالک کے باہمی شیڈول اور دیگر اہم معاملات رکاوٹ بن رہے ہیں، جن پر رکن ممالک کے درمیان مشاورت جاری ہے۔نئے ایف ٹی پی سائیکل میں مکمل رکن ممالک کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بڑھتے ہوئے شیڈول کے باعث دوطرفہ ون ڈے میچز کی تعداد کم ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔تاہم ون ڈے کرکٹ کے عالمی کپ کی اہمیت برقرار رکھنے کے لیے 50 اوورز کی کرکٹ کو مزید فروغ دینے کی تجاویز بھی زیرغور ہیں۔ اس سلسلے میں تین یا چار ملکی سیریز کے انعقاد کے ذریعے ون ڈے کرکٹ کے لیے زیادہ مسابقتی مواقع پیدا کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کے درمیان بڑی باہمی سیریز کا بنیادی خاکہ پہلے ہی طے شدہ ہے۔ ایشیز سیریز 2027، 2029-30 اور 2031 میں شیڈول ہے، جبکہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز بھی نئے ایف ٹی پی سائیکل کا حصہ ہوں گی۔2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی شمولیت بھی عالمی کرکٹ کے شیڈول کے لیے ایک اہم چیلنج ہوگی۔ اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کے باعث دوطرفہ اور بین الاقوامی مقابلوں کے شیڈول کو ترتیب دینے کے لیے اضافی منصوبہ بندی درکار ہوگی۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے، جن میں افغانستان، آئرلینڈ اور زمبابوے کو چیمپئن شپ میں شامل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔آئی سی سی کرکٹ آپریشنز ورکشاپ کے ایجنڈے میں ٹیکنالوجی سے متعلق معاملات بھی شامل ہیں۔ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کے مزید سپلائرز کی منظوری سمیت دیگر کرکٹ آپریشنز کے امور پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق دبئی میں ہونے والی ورکشاپ کے دوران مختلف تجاویز اور شیڈولنگ معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ نئے ایف ٹی پی کا حتمی اعلان نومبر میں بالی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس سے قبل متوقع نہیں۔