عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، جس کے باعث مختلف عالمی بینچ مارکس پر تیل کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق برینٹ کروڈ آئل، امریکی خام تیل اور اماراتی مربن خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 1.11 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 114.4 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ برینٹ کروڈ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کے اہم پیمانوں میں شمار ہوتا ہے۔اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ اس کی قیمت 1.26 فیصد بڑھ کر 100.8 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب اماراتی مربن خام تیل کی قیمت میں نسبتاً زیادہ، 3.81 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 114 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر تیل درآمد کرنے والے ممالک کی معیشتوں پر پڑ سکتا ہے۔ پاکستان جیسے درآمدی ایندھن پر انحصار کرنے والے ممالک کے لیے عالمی قیمتوں میں مسلسل اضافہ درآمدی بل اور توانائی کے اخراجات میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔