صدر مملکت آصف علی زرداری دورے پر جرمنی پہنچ گئے

23سالوں بعد کسی بھی پاکستانی سربراہ مملکت کا یہ پہلا دورہ جرمنی ہے
لاہور(خصوصی رپورٹ)صدر مملکت آصف علی زرداری جرمنی پہنچ گئے۔صدر مملکت دورہ کے دوران جرمن صدر اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران سے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی صورتحال اور معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ایوان صدر کے میڈیا وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت یہ دورہ جرمنی کے صدر فرینک والٹر شٹائن مائر کی دعوت پر کر رہے ہیں۔صدر آصف علی زرداری کا دورہ جرمنی انتہائی اہمیت کا حامل ہے، گزشتہ 23سالوں بعد کسی بھی پاکستانی سربراہ مملکت کا یہ پہلا دورہ جرمنی ہوگا۔ رواں برس دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں۔ اس حوالے سے جرمن صدر کی صدر مملکت کو جرمنی کے دورے کی خصوصی دعوت نمایاں حیثیت رکھتی ہے۔ صدر مملکت دورہ جرمنی کے دوران ایک اعلٰی سطح وفد کے ہمراہ جرمنی کے صدر اور اعلی ٰجرمن حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔ ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی صورتحال، معاشی اور تجارتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔