لاہور: ڈیفنس فیز 6 میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 3 نوجوان جاں بحق، ایک زخمی

لاہور: ڈیفنس فیز 6 میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 3 نوجوان جاں بحق، ایک زخمی

لاہور: ڈیفنس فیز 6 میں تیز رفتار گاڑی کو پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 3 نوجوان جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

حادثے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر پہلے بیریئر سے ٹکرائی اور پھر سڑک کنارے موجود درخت سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ دو نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ تیسرے نوجوان نے ہسپتال منتقل کیے جانے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان دے دی۔حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 24 سالہ عبدالحنان، 28 سالہ مصطفیٰ اور 22 سالہ فیضان کے نام سے ہوئی ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر گاڑیوں کے درمیان ریس لگانے کے باعث پیش آیا۔ تیز رفتاری کے باعث گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور پہلے بیریئر سے ٹکرانے کے بعد درخت سے جا ٹکرائی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق حادثے میں تباہ ہونے والی گاڑی کو تھانے منتقل کرنے کا عمل جاری ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات کی جا رہی ہیں۔