اہلکار کرکٹ میچ کی ڈیوٹی کے سلسلے میں جہلم سے لاہور آرہے تھے ،گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا
جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر پولیس جوان ہمارا فخر ہیں:آئی جی عبدالکریم
لاہور(آئی این پی)سیالکوٹ موٹروے پر مریدکے نارووال انٹرچینج کے قریب ایلیٹ پولیس کی گاڑی کو ٹائر پھٹنے کے باعث شدید حادثہ پیش آ گیا، جس کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل جاں بحق اور پانچ اہلکار زخمی ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تمام زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال مریدکے منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام اہلکار کرکٹ میچ کی خصوصی ڈیوٹی کے سلسلے میں جہلم سے لاہور کی طرف جا رہے تھے کہ راستے میں یہ دلخراش واقعہ پیش آ گیا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے دوران ڈیوٹی حادثے کے نتیجے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس سے رپورٹ طلب کرلی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر پولیس جوان ہمارا فخر ہیں، پنجاب پولیس دکھ کی اس گھڑی میں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔آئی جی پنجاب نے زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب پولیس حادثہ میں شہید اہلکار کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی، ویلفیئر اولین ترجیح ہے۔