پاک فضائیہ کی بنیاد میں پولینڈ کا اہم کردار ہے:اسحاق ڈار

پاک فضائیہ کی بنیاد میں پولینڈ کا اہم کردار ہے:اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، خاص طور پر پاک فضائیہ کی بنیاد رکھنے میں پولینڈ کا کلیدی کردار ہے۔

 انہوں نے یہ بات پولینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ راڈوسلاوسکورسکی کے ہمراہ مشترکہ پریس بریفنگ میں کہی۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مذاکرات میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ مفادات کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تاریخی اور منفرد تعلقات قائم ہیں، اور پاکستان پولینڈ کو اہم شراکت دار سمجھتا ہے۔ اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ پولینڈ کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے، اور اس خطے کے لیے پولینڈ کے سیاستدان کے لیے یہ علاقہ اجنبی نہیں ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نے دوسری جنگ عظیم کے دوران ہزاروں پولش مہاجرین کو پناہ دی اور پولش ایئر فورس کے افسران نے پاک فضائیہ میں خدمات انجام دیں۔پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تعاون کے شعبوں میں خاص طور پر معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب کا ذکر کرتے ہوئے، اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، معیشت، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ یادداشتیں پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات کے لیے ایک سنگ میل ہیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت غزہ میں امن کا خواہاں ہے، اور پولینڈ بھی جنوبی ایشیا کے پُرامن اور مستحکم ہونے کا خواہاں ہے۔اس موقع پر پولینڈ کے نائب وزیر اعظم نے پاکستان کی میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مفید بات چیت ہوئی ہے اور تعاون کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے مثبت امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں بھی تعاون جاری رہنا چاہیے، اور دونوں ممالک کے وفود کے درمیان دستخط شدہ یادداشتیں خوش آئند ہیں۔