شہدائے پولیس ہمارا فخر ہیں:سی سی پی او لاہور

 افسران و اہلکاران کی فلاح و بہبود کے اقدامات یونہی جاری رہیں گے
لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر فرائض کی انجام دہی میں جانیں قربان کرنے والے شہدائے پولیس کے اہل خانہ کی ویلفیئرکا سلسلہ جاری ہے۔ ڈی ایس پی(ڈویلپمنٹ)مصطفی حسن کی شہید کانسٹیبل محمدخالد کی بیٹی علیشاہ کی شادی میں شرکت کی،سلامی، پھول اور تحائف پیش کئے۔شہید کانسٹیبل محمد خالد 2012ء میں دوران پٹرولنگ ڈیوٹی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی میں شہادت کے منصب پر فائض ہوئے تھے۔سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہدائے پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس اپنے بہادر سپوت کی بے مثال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہدائے پولیس ہمارا فخر ہیں، ان کے اہل خانہ کی ویلفیئر کا بھر پور خیال رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کے علاج معالجہ، رہائش گاہوں، بچیوں کی شادی، بچوں کی تعلیم اور ملازمت سمیت ویلفیئر کیلئے مثالی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ لاہور پولیس کے افسران و اہلکاران کی فلاح و بہبود کے اقدامات یونہی جاری رہیں گے۔شہید کانسٹیبل محمد خالد کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں ڈی آئی جی(ویلفیئر) غازی صلاح الدین،اے آئی جی(ویلفیئر)ڈاکٹر عمارہ شیرازی اور اے آئی جی(کمپلینٹ) احسان اللہ چوہان نے بھی شرکت کی۔