یوکرین میں نیٹوافواج کی موجودگی:روس نے اپنے خلاف جنگ کا آغاز قرار دیدیا

مالڈووا کی قیادت یوکرینی افواج کی مدد کے لیے ملک کو لاجسٹک اڈے میں تبدیل کرنا چاہتی ہے،ترجمان
ماسکو(آئی این پی)روس نے کہا ہے کہ یوکرین میں نیٹو افواج کی موجودگی کا مطلب ہمارے خلاف جنگ کا آغاز ہے۔روس اور نیٹو کے درمیان یوکرین میں دو سال سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے پس منظر میں کشیدگی میں اضافے کے بعد روسی وزارت خارجہ نے پولینڈ میں امریکی میزائل بیس کی مذمت کی ہے۔وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اسے واشنگٹن کا ایک اشتعال انگیز قدم قرار دیا اورخبردار کیا کہ اس پیش رفت نے جوہری خطرے کی سطح کو بڑھا دیا ہے۔انہوں نے مالڈووا کی نیٹو کے ساتھ میل جول کی کوششوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ روسی عہدیدار نے کہا کہ مالڈووا کی قیادت یوکرینی افواج کی مدد کے لئے ملک کو لاجسٹک اڈے میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔