پشاور: سوشل میڈیا پر لڑکی کی تصاویر وائرل کرنے والا ملزم گرفتار

پشاور: سوشل میڈیا پر لڑکی کی تصاویر وائرل کرنے والا ملزم گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کی غیر اخلاقی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم عبدالمجید 2021 اور 2022 کے دوران سعودی عرب میں مقیم تھا، جہاں قیام کے دوران اس نے مدعیہ کی بیٹی کی تصاویر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل کیں۔حکام کے مطابق ملزم نے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے تصاویر مختلف افراد کو بھیجیں اور متاثرہ خاندان کو ہراساں اور بلیک میل کرنے کی کوشش بھی کی۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔

این سی سی آئی اے نے بتایا کہ مدعیہ کے خاندان کو اس واقعے کے باعث شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا، اور متاثرہ خاتون کے اکلوتے بھائی نے 2021 میں بہن کی بدنامی کے صدمے میں آ کر خودکشی کر لی تھی۔حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے اور اس کے نیٹ ورک سے متعلق بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔