سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ منشیات کے خاتمے اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔
حیدرآباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت منشیات کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہی ہے اور اس مسئلے کے مکمل خاتمے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کا یہ آپریشن پورے سندھ میں جاری ہے تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔شرجیل میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف پروگرام شروع کیے گئے ہیں جن کے تحت انہیں ٹریننگ، لائسنس اور مفت اسکوٹیز فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں خواتین کو میرٹ کی بنیاد پر مفت اسکوٹیز دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وکلا خواتین کے لیے بھی “پنک اسکوٹی” پروگرام کے تحت مفت سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ خواتین کی سفری آسانی کے لیے خصوصی بس سروسز بھی شروع کی گئی ہیں۔سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت بڑے ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ صوبے میں سفری اور بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر سستی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے تو وہ کوئلے سے ممکن ہے، اور سندھ حکومت اس سمت میں مختلف توانائی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔