شمالی مراکش کے شہر فیز میں ایک افسوسناک واقعے میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق یہ واقعہ عین نقبی ضلع کے جنان جرودی محلے میں پیش آیا، جہاں رہائشی عمارت اچانک زمین بوس ہو گئی۔ حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور قریبی عمارتوں کے رہائشیوں کو بھی فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔انتظامیہ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور ملبے سے نکالی گئی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت ملحقہ چار عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے تاکہ کسی مزید خطرے سے بچا جا سکے۔ عمارت گرنے کی اصل وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی، تاہم اس حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ماہرین کی ٹیمیں جائے وقوعہ کا جائزہ لے رہی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ عمارت کے منہدم ہونے کی وجہ ساختی کمزوری تھی یا کوئی اور تکنیکی مسئلہ۔