یورپی ممالک میں شدید گرمی کے باعث سکول بند، ٹرین سروس معطل

برسلز (آئی این پی )یورپ کے کئی ممالک اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جس سے نمٹنے کیلئے مختلف ممالک کے حکام مختلف قسم کے اقدامات کر رہے ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی حکومت کی جانب سے جار ی الرٹ میں الکوحل کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے جبکہ سپین اور جرمنی میں سپورٹس کے کئی ایونٹ ملتوی کر دئیے گئے ۔اسی طرح برطانیہ میں ٹروپیکل نائٹس کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق پچھلے چند روز سے سامنے آنے والی گرمی کی لہر کے دوران درجہ حرارت مسلسل ریکارڈ سطح کی طرف بڑھ رہا ہے۔سائنسدانوں نے واضح کیا ہے کہ بار بار آنے والی گرمی کی لہریں گلوبل وارمنگ کی علامت ہیں جو بنیادی طور پر کوئلہ، گیس اور تیل جلانے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ یہ خبردار بھی کیا گیا ہے کہ مستقبل میں ایسی لہریں زیادہ متواتر، طویل اور شدید ہوتی جائیں گی