درجنوں مکانات، کھڑی فصلیں، باغات اور رابطہ سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا‘ مزید بارشوں کی پیشگوئی
چلاس‘لاہور (آئی این پی )چلاس کی وادی کھنبری میں کلائوڈ برسٹ سے سیلاب نے تباہی مچا دی، سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں مکانات، کھڑی فصلیں، باغات اور رابطہ سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔تفصیل کے مطابق ضلع دیامر کے بالائی اور دور افتادہ علاقوں میں کلائوڈ برسٹ اور موصلادھار بارشوں کے بعد آنے والے ہولناک سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں مکانات، کھڑی فصلیں، باغات اور رابطہ سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔پولیس اور مقامی انتظامیہ کی رپورٹس میں بتایا گیا چلاس کی وادی کھنبری میں کلاڈ برسٹ کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے سب سے زیادہ تباہی مچائی۔سیلابی ریلے اپنے ساتھ درختوں، لکڑیوں اور ملبے کو بہا لے گئے، جس کی زد میں آ کر مقامی آبادی کے مکانات کو شدید نقصان پہنچا اور باغات و قیمتی کھیت اجڑ گئے۔اس کے علاوہ، تحصیل داریل کی وادی کھنبری، منیکال، شاہی محل، بیچھے نالہ اور لنچر میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے ہر طرف تباہی پھیل گئی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔تفصیل کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں طویل شدید گرمی کے بعد بادلوں کے برسنے سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور شہریوں کو شدید گرمی سے بڑا ریلیف مل گیا۔گجرات اور اس کے گردونواح میں بادل کھل کر برسے اور نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ پسرور اور گردونواح میں تیز ہواں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور شدید ژالہ باری ہوئی۔اسی طرح نارووال میں بھی تپتی گرمی کے بعد ہونے والی بارش نے موسم کو ٹھنڈا اور دلکش بنا دیا