ڈیزل نرخوں میں کمی ، ریلوے کرا یے برقرار

تیل قیمتوں میں دو ماہ میں 3 بار کمی کی گئی ،کرایوں میں کمی فی الحال ممکن نہیں:ترجما ن 
لاہور (خصوصی رپورٹ ) ڈیزل نرخوں میں کمی کا فائدہ ریلوے مسافروں تک نہ پہنچ سکا ،نومبر سے جنوری تک ڈیزل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 27 روپے 36 پیسے کمی ہوئی، مگر کرایہ کم نہ ہوسکا، ڈیزل کی قیمتوں میں دو ماہ کے دوران 3 بار کمی ہوئی، اس کمی کا فائدہ ریلوے مسافروں کو نہ مل سکا، ذرائع کے مطابق 16 نومبر 2025 کو ڈیزل کی قیمت 284 روپے 44 پیسے تھی، نومبر سے جنوری تک مجموعی طور پر ڈیزل 27 روپے 36 پیسے سستا ہوا،ڈیزل سستا ہونے کے باوجود ریلوے کی جانب سے مسافر اور گڈز ٹرینوں کے کرایوں میں کمی نہیں کی گئی، ڈیزل کی قیمت بڑھنے پر کرایے فوری بڑھا دیئے جاتے ہیں مگر کمی پر ریلوے کی خاموشی مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں کمی نہ ہونے سے مسافر پریشان ہیں، ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلوے انتظامیہ کے لیے کرایوں میں کمی فی الحال ممکن نہیں، ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر مالی معاملات کے باعث کرایے کم کرنے پر غور نہیں کیا گیا،ریلوے نے گزشتہ کئی ماہ سے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا۔