سرگودھا کے علاقے میلووال میں بھوسے والا ٹرک الٹنے سے 4مزدور جاں بحق، 8 زخمی ، ڈرائیور،ٹھیکیدار کیخلاف مقدمہ
نارووال،ظفروال میں 3، کوٹ رادھاکشن میں 4 ، کوہاٹ ٹنل کے قریب 2 ہلاکتیں ،خیبر میں 2 بچے زندگی کی بازی ہارگئے
لاہور (کرائم رپورٹر )مختلف ٹریفک حادثات میں 4مزدوروں سمیت 16افرادجاں بحق اورمتعددزخمی ہوگئے۔بتایاگیاہے کہ سرگودھامیں میانی کے نواحی علاقے میلووال میں بھیرہ تا دھوری روڈ پر حمزہ پیٹرولیم کے قریب بھوسے (توڑی) سے لدا ٹرک الٹنے کے نتیجے میں 4 مزدور جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔ ٹرک میلووال سے بھیرہ کی جانب جا رہا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گیا۔ ٹرک پر کے اوپر 12 مزدور سوار تھے، جو نیچے دب گئے اور 25سالہ محمد عدیل،22سالہ محمد علی رمضان ، 18سالہ محمد علی اور 20سالہ محمد امجد عباس موقع پردم توڑگئے ،ٹھیکیدار اور ٹرک ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ادھرنارووال ظفروال روڈ پر دہمتھل سٹاپ کے قریب ڈمپر اور موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار 71سالہ عبدالرشید اور 19سالہ محمد احمد زندگی ہارگئے جبکہ ظفروال چونڈہ چوک کے قریب رحمان اپنے بھائی کے ساتھ لوڈر رکشہ پر سڑک عبور کرنے لگا تو سامنے سے انے والے موٹر سائیکل نے رکشہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں تیرہ سالہ طالبعلم رحمان سکنہ اونچہ کلاں موقع پر جان بحق اور دو افراد حسنین اور مزمل زخمی ہوگئے،دریں اثناقصور میں بھوئے آصل سٹاپ چھانگامانگا روڈ کوٹ رادھاکشن میں دوست کی شادی سے واپس آنیوالوں کی تیز رفتار کار الٹ کر درختوں کے ساتھ جا ٹکرا ئی جس کے نتیجہ میں پتوکی کے رہائشی 4 نوجوان ملک عبداللہ ، ملک کیف ، ملک رحمت اور ملک مٹھو جاں بحق ہوگئے،دوسری طرف غازی روڈ کا رہائشی محمد فیاض قصور سے موٹر سائیکل پر آرہا تھا کہ گرلز کالج کے قریب پیچھے سے آنے والہ تیز رفتار مزداڈالہ بے قابو ہوکر موٹر سائیکل پر چڑھ گیا ،جس کے نتیجہ میں فیاض موقع پر جان کی بازی ہار گیا ، علاوہ ازیں کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر کوہاٹ ٹنل کے قریب مسافر کوچ اور ایف سی بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے جبکہ ضلع خیبر کی وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے خاندان کی گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے 2 بچے دو سالہ آمنہ اور بارہ سالہ حفیظ اللہ جاں بحق جبکہ انکے والدین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔