لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب کی عدالتی تاریخ میں ایک تاریخی اقدام کرتے ہوئے ضلعی عدالتوں میں پرفارمنس انفارمیشن سسٹم (PIS) کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے۔
اس کے بعد تمام ضلعی عدالتوں میں نئے نظام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔اس جدید سسٹم کے تحت اب صوبہ بھر کی ضلعی عدالتوں کی یومیہ کارکردگی صرف ایک کلک پر دستیاب ہوگی۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم کسی بھی وقت کسی بھی ضلع، تحصیل یا عدالت کی کارکردگی کا براہِ راست جائزہ لے سکتی ہیں۔پرفارمنس انفارمیشن سسٹم روزانہ کی بنیاد پر دائر ہونے اور فیصلہ ہونے والے مقدمات کی مکمل تفصیلات فراہم کرتا ہے، جس میں عدالتوں میں موجود ججز کی تعداد، زیر التواء مقدمات کی نوعیت، اور فیصلہ ہونے والے مقدمات کی تفصیلات شامل ہیں۔یہ نظام سول، فوجداری اور دیگر نوعیت کے مقدمات کی کیٹیگری وائز اور کورٹ وائز تفصیل بھی پیش کرتا ہے، جس سے عدالتی امور میں شفافیت اور مؤثر نگرانی ممکن ہوئی ہے۔
ماڈل کورٹس کے روزانہ فیصلوں اور وکلاء کی کارروائی کے بعد ہونے والے فیصلوں کی علیحدہ تفصیل بھی اس سسٹم میں شامل ہے۔نیا سسٹم عدالت، ضلع اور صوبہ پنجاب کی سطح پر دائر اور فیصلہ ہونے والے مقدمات کو گرافیکل انداز میں بھی ظاہر کرتا ہے، جس سے عدالتی کارکردگی کا تجزیہ مزید آسان ہو گیا ہے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم کی خصوصی ہدایت پر لاہور ہائیکورٹ کی آئی ٹی ٹیم نے یہ جدید سسٹم تیار کیا، جس کی سربراہی ایڈیشنل رجسٹرار آئی ٹی جمال احمد کر رہے تھے۔اس سسٹم کو جلد لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، جس سے عدالتی نظم و نسق میں شفافیت، رفتار اور مؤثر نگرانی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔