دروازے بند تھے یا نہیں‘ مکمل تحقیقات ہوں گی، عوام سوشل میڈیا کی خبروں پر بھروسہ نہ کریں:ڈپٹی کمشنر
آتشزدگی کے وقت عمارت کے تمام دروازے کھلے ہوئے تھے : صدرگل پلازہ تاجر ایسوسی ایشن تنویر
کراچی(آئی این پی)ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ گل پلازہ کی آگ صرف شارٹ سرکٹ کہہ کر نہیں چھوڑ سکتے، مکمل تحقیقات ہوں گی، تقریبا 80 افراد جاں بحق ہوئے، 86 افراد لاپتہ ہیں۔جاوید نبی کھوسو نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ متاثرہ عمارت میں ریسکیو اہلکاروں کو بھیج رہے ہیں ، مشینری کو اس لئے روک رہے کہ ریسکیو ورکرز کو اندر جانا ہے، عمارت کی حالت بہت خراب ہے کسی بھی وقت گرسکتی ہے‘انہوں نے کہا کہ کونسے دروازے بند تھے کونسے کھلے تھے، اس کی بھی تحقیقات کی جارہی ہے، جس کی بھی غفلت سامنے آئی، اس کے خلاف کارروائی ہوگی جبکہ صدرگل پلازہ تاجر ایسوسی ایشن تنویر پاستا کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کے راستے بند نہیں تھے، ایمرجنسی ریمپ بھی کھلا تھا، مسجد سے باہر جانے کے دو راستے بھی کھلے ہوئے تھے، بجلی بند نہ کرتے تو جو لوگ باہر نکلے وہ بھی نہیں نکل سکتے تھے۔