پنجاب پولیس اور نجی تنظیم کے درمیان ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب

لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس اور نجی تنظیم کے درمیان ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی تنظیم کے بانی سی ای او غازی تیمور نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ تفصیلات کے مطابق، نجی تنظیم لاہور کا راوی پنجاب پولیس کی قدیم عمارات کی تاریخی و ثقافتی حیثیت اجاگر کرے گی جبکہ پراجیکٹ تحفظ تاریخ کا آغاز لاہور سے ہوگا۔ بعد ازاں دائرہ کار پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کو تفریحی و مطالعاتی ٹورز، سرگرمیوں کے ذریعے پنجاب پولیس کی عمارات کی تاریخ اور جڑی روایات بارے آگاہی فراہم کی جائے گی جبکہ نجی تنظیم پنجاب پولیس کے اشتراک سے پولیس کی تاریخی عمارتوں کے تحفظ اور فروغ کیلئے اقدامات کرے گی۔