دنیا بھر میں مقبول ویڈیو گیمز بنانے والے معروف گیم ڈویلپر ونس زیمپیلا امریکا میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں ہلاک ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق ونس زیمپیلا شمالی لاس اینجلس کے قدرتی مناظر سے بھرپور علاقے میں اپنی فیراری چلا رہے تھے کہ اچانک ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ونس زیمپیلا نہ صرف ایک کامیاب گیم ڈویلپر تھے بلکہ ایک نمایاں ایگزیکٹو بھی تھے۔ ان کی قیادت میں مختلف اسٹوڈیوز نے دنیا کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ویڈیو گیمز تخلیق کیں، جن میں کال آف ڈیوٹی جیسے عالمی شہرت یافتہ گیمز شامل ہیں۔
ان کی اچانک موت نے عالمی گیمنگ انڈسٹری میں سوگ کی لہر دوڑا دی۔ گیمنگ کے شائقین اور ماہرین ان کی بے شمار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں یاد کر رہے ہیں۔ ونس زیمپیلا کی خدمات نہ صرف گیمنگ بلکہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں بھی ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔