دیرپا امن اور سیاسی استحکام تب ہی حاصل کیا جا سکتا ہے جب خواتین انتخابی عمل میں یکساں طور پر شریک ہوں
عزم ہے آئندہ انتخابات میں جنسی فرق کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا،قومی یومِ ورکنگ ویمنز کے موقع پر پیغام
اسلام آ باد (آئی این پی ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان کے امن، استحکام اور جمہوریت کے لیے خواتین کی شرکت ناگزیر ہے۔قومی یومِ ورکنگ ویمنز کے موقع پر جاری پیغام میں الیکشن کمیشن نے خواتین کی جمہوریت اور سیاسی استحکام میں اہم کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عزم ہے کہ آئندہ انتخابات میں جنسی فرق کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے اہم قانونی اصلاحات کی گئیں جبکہ سیاسی جماعتوں کو اپنی ٹکٹوں کا 5 فیصد خواتین کے لیے مختص کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ مزید اصلاحات کی ضرورت ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے قومی یومِ ورکنگ ویمنز کے موقع پر کہا کہ جمہوریت میں پاکستانی خواتین کی گراں قدر خدمات کا اعتراف ہے، دیرپا امن اور سیاسی استحکام تب ہی حاصل کیا جا سکتا ہے جب خواتین انتخابی عمل میں یکساں طور پر شریک ہوں۔بیان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ حالیہ برسوں میں، الیکشن کمیشن نے خواتین ووٹرز اور امیدواروں کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اہم کام کیے ہیں، انتخابی فہرستوں میں صنفی فرق 2018 میں 11.7 فیصد سے کم ہو کر 7.49 فیصد ہو گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ اس عرصے کے دوران ووٹر لسٹوں میں مردوں سے زیادہ خواتین کا اضافہ کیا گیا، ہمارا مقصد آنے والے انتخابات میں اس خلا کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے، خواتین امیدواروں کے لیے سیاسی ٹکٹوں کی بکنگ کو یقینی بنانے کے لیے مزید اصلاحات اور سخت احتسابی اقدامات کی ضرورت ہے۔