دبئی میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ میں سلمان الیون نے حارث الیون کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو رنز سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سلمان الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 142 رنز اسکور کیے۔ حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔ صائم ایوب نے 45 اور صاحبزادہ فرحان نے 25 رنز بنا کر اپنی ٹیم کے مجموعے کو سہارا دیا۔بالنگ کے شعبے میں حارث الیون کے صفیان مقیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سلمان مرزا اور حسن علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں حارث الیون کی بیٹنگ لائن متاثر کن آغاز کے باوجود آخر تک ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 140 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد عرفان نے سب سے زیادہ 36 رنز بنائے جبکہ ماینک چوہدری نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔سلمان الیون کی جانب سے باؤلنگ میں شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز اور سلمان علی آغا نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔