ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے بجلی کے نرخوں کے حوالے سے اہم پالیسی فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر میں یکساں ٹیرف کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے۔
اس فیصلے کے بعد کراچی سمیت پورے ملک میں ماہانہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ بھی ایک جیسی ہوگی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 19 اگست کے فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت اب ماہانہ ایڈجسٹمنٹ بھی سہ ماہی اور بنیادی ٹیرف کی طرح پورے ملک کے لیے یکساں لاگو ہوگی۔پہلے کے نظام میں کراچی کی بجلی کمپنی کے الیکٹرک کے صارفین پر الگ اور باقی ملک کے صارفین پر الگ ماہانہ ایڈجسٹمنٹ عائد کی جاتی تھی۔ نئے فیصلے کے بعد یہ فرق ختم کر دیا گیا ہے۔
اب بجلی کی قیمت میں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ چاہے فیول ایڈجسٹمنٹ کی کمی ہو یا اضافہ، دونوں صورتوں میں ملک بھر کے صارفین پر یکساں لاگو ہوگی۔واضح رہے کہ بجلی کا بنیادی ٹیرف اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پہلے ہی کراچی سمیت ملک بھر کے لیے یکساں لاگو ہوتے ہیں، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ ماہانہ ایڈجسٹمنٹ بھی اس نظام میں شامل کر لی گئی ہے۔