اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن علیمہ خان نے عدالت کی توہین پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج عدالت اور ججز کی توہین کی جا رہی ہے تو کل ہر ادارے اور ہر چیز کی توہین ہو گی، جس سے انصاف کی فراہمی متاثر ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ انہوں نے چیف جسٹس سے ملاقات کی کوشش کی لیکن جج صاحب پہلے کی طرح اٹھ گئے تھے، تاہم نیاز اللہ نیازی صاحب نے بات کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب ہماری پٹیشن کل لگے گی تو وہ چیف جسٹس سے بات کریں گی کیونکہ انہیں یقین ہے کہ چیف جسٹس ہی انصاف فراہم کر سکتے ہیں۔
علیمہ خان نے اس بات پر زور دیا کہ عدالت کے حکم کی توہین نہ صرف انصاف کی فراہمی کو مشکل بناتی ہے، بلکہ اس سے مستقبل میں کسی بھی پاکستانی کو انصاف ملنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ توہین عدالت کی سزا چھ ماہ کی قید ہو سکتی ہے، اور یہ سزا اگر دی جاتی ہے تو اس سے نظامِ عدلیہ پر منفی اثرات پڑیں گے۔