ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس میں وفاقی وزراء اور سینئر حکام کو شامل کیا گیا ہے۔
اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق، وزیر خزانہ اس کمیٹی کے کنوینئر مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ دیگر اراکین میں وزیر توانائی، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی، چیئرمین ایف بی آر سمیت دیگر اہم افسران شامل ہوں گے۔کمیٹی کا مقصد موجودہ کارکردگی کے نظام، بالخصوص ایف بی آر کے فریم ورک اور نتائج کا تفصیلی تجزیہ کرنا ہے تاکہ سرکاری اداروں کے لیے ایک جامع اور مؤثر جانچ و فیڈبیک نظام ترتیب دیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق، کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی سفارشات اور رپورٹ 30 دن کے اندر وزیراعظم کو پیش کرے۔ اس اقدام کو حکومتی نظم و نسق میں شفافیت، کارکردگی اور جوابدہی کو فروغ دینے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔