پنجاب اسمبلی نے زمین کے استعمال سے متعلق اسپیچوئل اتھارٹی ایکٹ کی منظوری دے دی

پنجاب اسمبلی نے زمین کے استعمال سے متعلق اسپیچوئل اتھارٹی ایکٹ کی منظوری دے دی

لاہور: پنجاب اسمبلی نے پنجاب اسپیچوئل اتھارٹی ایکٹ کی منظوری دے دی، جس کے تحت ایک جامع نظام کے تحت صوبے میں زمین کے استعمال سے متعلق پالیسی سازی اور نگرانی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق نئی اتھارٹی زرعی، کمرشل اور رہائشی اراضی کے استعمال کے حوالے سے واضح پالیسی وضع کرے گی اور اس ضمن میں این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) بھی جاری کرے گی۔ اتھارٹی کا دائرہ کار صوبے بھر میں ہوگا اور یہ زمین کے استعمال کے حوالے سے منصوبہ بندی اور رہنمائی فراہم کرے گی۔اتھارٹی زمین کے لینڈ یوز پلان بھی جاری کرے گی تاکہ ترقیاتی منصوبوں کو ضابطے میں لایا جا سکے اور زمین کے بے ہنگم استعمال کی روک تھام کی جا سکے۔

قانون کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اس اتھارٹی کی سربراہ ہوں گی، جبکہ اتھارٹی کے دیگر اراکین میں متعلقہ محکموں کے نمائندے اور ماہرین شامل کیے جائیں گے۔حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدام زمین کے درست استعمال، شہری منصوبہ بندی اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔