115اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز

3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کوقطرے پلانے کا ہدف مقرر ،والدین تعاون کریں:این ای اوسی،خاتمے کیلئیپْرعزم :وزیرِ صحت 
اسلام آباد(بیورو رپورٹ) نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق ملک بھر کے منتخب 115 اضلاع میں قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے تحت 115 اضلاع میں 27ستمبرتک جاری رہنے والی مہم کیدوران پانچ سال سے کم عمر کے تین کروڑ 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس وسیع پیمانے پر جاری مہم میں دو لاکھ 73 ہزار سے زائد پولیو ورکرز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں جو مشکل حالات کے باوجود ہر بچے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے گھر گھر پہنچ رہے ہیں،صوبائی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے 13 اضلاع میں ایک کروڑ چھ لاکھ، سندھ کے 30 اضلاع میں ایک کروڑ، خیبر پختونخوا کے 37 اضلاع میں 73 لاکھ جبکہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں 23 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چار لاکھ 47 ہزار اور گلگت بلتستان کے دو منتخب اضلاع میں ایک لاکھ 37 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔این ای او سی نے بچوں کے صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لیے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو مہم کے دوران پولیو سے بچائو کے قطرے لازمی پلوائیں۔قبل ازیں وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفی کمال نے گزشتہ روز وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق کے ہمراہ بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلا کر ملک گیر قومی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کیا۔وفاقی وزیرِ صحت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومتِ پاکستان وزیراعظم کی قیادت میں ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح پْرعزم ہے۔