نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (NLC) نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنے بیڑے میں 500 نئے ٹرک اور ریفرز شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ ٹرک بہترین فیول ایفی شنسی، زیادہ لوڈنگ گنجائش اور لمبے فاصلے تک ترسیل کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو انہیں بین الاقوامی تجارت کے لیے موزوں بناتے ہیں۔ یہ اقدام حکومتِ پاکستان کے وژن کے تحت کیا گیا ہے، جس میں ازبکستان اور قازقستان کو پاکستانی برآمدات کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف شامل ہے۔
NLC کے مطابق گزشتہ تین برسوں میں ادارہ وسطی ایشیا، چین اور دیگر ممالک تک 2,500 کامیاب تجارتی آپریشنز مکمل کر چکا ہے، جس سے پاکستانی مصنوعات کو نئی عالمی منڈیوں تک رسائی ملی۔
فی الحال NLC کا ریفرز بیڑا زرعی اجناس، غذائی اشیاء اور سی فوڈ کی ترسیل میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، اور بیڑے کی توسیع کے بعد یہ خدمات مزید وسعت اختیار کریں گی۔