بیٹنگ کے لیے میدان میں اترا تو اس وقت ٹیم کو ایک مضبوط شراکت داری کی سخت ضرورت تھی:قومی آل رائونڈرکی گفتگو
راولپنڈی(فضیلہ خان)انگلینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں تاریخی آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے والے قومی کرکٹر عرفات منہاس نے کہا ہے کہ ذاتی اعزازات سے زیادہ میچ میں کامیابی حاصل کرنا اہم ہوتا ہے اور راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم ان کے لیے ہمیشہ یادگار ثابت ہوا ہے۔انگلینڈ کے خلاف 59 رنز کی اہم اننگز کھیلنے اور 40 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان آل راؤنڈر نے اپنی کارکردگی اور میچ کی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔عرفات منہاس نے بتایا: "جب میں بیٹنگ کے لیے میدان میں اترا تو اس وقت ٹیم کو ایک مضبوط شراکت داری (پارٹنرشپ) کی سخت ضرورت تھی۔ ہم نے بیٹنگ کے دوران جارحانہ اور حکمتِ عملی کے تحت کھیل پیش کرتے ہوئے انگلش بائولرز کو دباؤ میں لایا، جس سے ٹیم کو ایک بہترین مجموعہ ترتیب دینے میں مدد ملی۔"بولنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کپتان کی جانب سے واضح ہدایت تھی کہ نپی تلی اور صحیح جگہ پر بولنگ کرنی ہے۔ انہوں نے کہا: "میں نے درست ایریاز میں بولنگ کی جس کا مجھے بھرپور فائدہ ملا۔ انگلش قائد ہیری بروک کو جس بال پر میں نے آؤٹ کیا، وہ کسی بھی لیفٹ آرم اسپنر کے لیے ایک 'ڈریم ڈلیوری' ہوتی ہے۔