سوتیلی بیٹی سے زیادتی کرنیوالے سفاک شخص کو پھانسی کی سزا

مجرم سوتیلی بیٹی سے والدہ کی عدم موجودگی میں ایک سال تک زیادتی کرتا رہا 
 زیادتی کے نتیجے میں پیدا بچے کی کفالت کے لیے مجرم کو 20لاکھ ادا کرنے کا حکم 
پیدا ہونے والے بچے کا ڈی این اے مجرم سے میچ کرگیا تھا، ایڈیشنل سیشن جج محمد سہیل 
اسلام آباد (آئی این پی) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے سوتیلی بیٹی سے زیادتی کرنے والے سفاک ملزم افتخار کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد سہیل نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مجرم افتخار کو پھانسی کی سزا سنائی اور ساتھ ہی 5 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔ عدالت نے 10 لاکھ روپے کی رقم متاثرہ لڑکی کو ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق عدالت نے زیادتی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بچے کی کفالت کے لیے مجرم کو 20 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا ہے، فیصلہ میں بتایا گیا کہ مجرم اپنی سوتیلی بیٹی سے والدہ کی عدم موجودگی میں ایک سال تک مسلسل زیادتی کرتا رہا۔عدالتی فیصلے میں مزید واضح کیا گیا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈی این اے ٹیسٹ سے اہم شواہد ملے اور پیدا ہونے والے بچے کا ڈی این اے مجرم سے میچ کر گیا تھا۔واقعے کا مقدمہ فروری 2025 میں متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ شہزاد ٹائون میں درج کیا گیا تھا۔