پولیس دہشتگردی میں ملوث ملزم عنصر کو لے جارہی تھی ساتھیوں نے حملہ کر دیا،ظفر علی ،فرحان مسیح اور عباس بھی ہلاک
لاہور ( کرائم رپورٹر )لاہور میں4 مبینہ پولیس مقابلے،دہشتگردی میں ملوث ملزم سمیت 4ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس تھانہ گجر پورہ کی ٹیم دہشت گردی کے مقدمہ میں ملوث انتہائی خطرناک ملزم عنصر لودھی کو بارودی مواد کی برآمدگی کیلئے تھانہ غازی آباد کی حدود میں لیکر جارہی تھی کہ باغبانپورہ میں نامعلوم ملزموں نے زیر حراست ساتھی کو چھڑوانے کیلئے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔پولیس حکام کے مطابق اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ملزم عنصر لودھی شدید زخمی ہو گیااور بعدازاں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا ، اس کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے،ملزموں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ملزم عنصر نے گزشتہ ماہ تھانہ غازی آباد کے اے ایس آئی دلاور اور کانسٹیبل عاشق کو مقابلہ کے دوران فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا، وہ خودکش جیکٹ رکھنے اور دیگر رابری کے مقدمات میں ملوث اورریکارڈ یافتہ تھا۔ دوسری جانب پنجاب پولیس کے ذیلی ادارے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ(سی سی ڈی)صدر کی زیر حراست ملزم ظفر علی گرین ٹائون کی حدود میں مبینہ مقابلہ کید وران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔اسی طرح سی سی ڈی اقبال ٹائون نے جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کیلئے ناکہ لگارکھا تھا کہ اس دوران ملتان روڈ کے قریبی علاقہ میں موٹرسائیکل سوار ملزموں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں ملز م فرحان مسیح اور عباس ہلاک ہو گئے اور ان کے دو ساتھی فرار ہو گئے ،ہلاک ملزموں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دیا گیاہے۔