پاکستان میں ضمنی انتخابات کا دنگل کل سجے گا، اور الیکشن مہم کا وقت مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔ جلسے، جلوس، ریلیاں اور کارنر میٹنگز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ان ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی 6 اور پنجاب اسمبلی کی 7 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ وفاقی حکومت نے انتخابات کے دوران سکیورٹی کے لیے فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، جس کے مطابق انتخابی حلقوں میں فوجی دستے 22 سے 24 نومبر تک موجود رہیں گے۔وزارت داخلہ نے فوجی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ پاک فوج تھرڈ ٹیئر اور کوئیک ری ایکشن فورس کے طور پر تعینات ہوگی، اور لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈی جی خان، مظفر گڑھ، سرگودھا، ہری پور اور میانوالی کے انتخابی حلقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔انتخابی مقابلوں میں این اے-129 میں مسلم لیگ ن کے حافظ نعمان اور آزاد امیدوار ارسلان احمد کے درمیان کڑا مقابلہ متوقع ہے، جبکہ این اے-18 ہری پور میں عمر ایوب کی اہلیہ اور مسلم ن لیگ کے بابر نواز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔