بانی پی ٹی آئی مدینہ میں ننگے پائوں گئے تو باجوہ کو فون آگئے کہ کسے لے آئے ہیں :بشریٰ بی بی
تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا،بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہا جانے لگا: ویڈیو پیغام
راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا عمران خان جب ننگے پائوں مدینہ گئے تو واپسی پر جنرل (ر)باجوہ کی فون کالز آنا شروع ہوئیں اور کہا گیا کہ کسے لے آئے ہیں ، جو شریعت کی بات کرتا ہے، ہم شریعت کا نظام ختم کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد عمران خان کو یہودیوں کا ایجنٹ کہنا شروع کردیا کہا گیا ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہیے تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا اور بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کردیا گیا۔، یہ باتیں بانی پی ٹی آئی نے کبھی سرعام نہیں کیں، اگر یہ باتیں غلط ہوں تو سابق آرمی چیف سے اور ان کے اہلخانہ سے پوچھا جائے۔ویڈیو پیغام میں بشریٰ بی بی نے مزید کہا آج میں بانی پی ٹی آئی کا پیغام دینے آپ کے سامنے آئی ہوں،بانی پی ٹی آئی نے پوری قوم کو 24 نومبر کو نکلنے کی کال دی ہے۔یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے۔بانی پی ٹی آئی نے ہر طبقے کو اس احتجاج کا حصہ بننے کا کہا ہے۔جب تک بانی پی ٹی آئی خود آکر عوام سے خطاب نہیں کرتے 24 تاریخ احتجاج کی ڈیٹ تبدیل نہیں کی جائے گی۔کسی بھی قانون میں کسی کو پر امن احتجاج سے نہیں روکا جاسکتا۔اداروں کو کہتی ہوں بانی پی ٹی آئی کسی سے بدلہ نہیں لیں گے۔بانی پی ٹی آئی کو ملک کے لیے کھڑے ہونے کی سزا دی گئی۔