کوہستان میں 50ارب کی کرپشن ہوئی، مسجدوں کے سولر تک چوری کر لیے گئے، مگرنیب خاموش تماشائی
کرپشن کے بانی چیئرمین کو خود جواب دینا ہوگا کہ خیبر پختونخوا میں کون لوٹ مار کر رہا ہے، فیصل کریم کنڈی
ڈیرہ اسماعیل خان(آئی این پی )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایک بار پھر صوبائی حکومت پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے این ایف سی ایوارڈ کی مد میں وفاق سے ملنے والے 700ارب روپے کا حساب طلب کر لیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کا کہنا تھا کہ کوہستان میں 50ارب روپے کی کرپشن ہوئی، مسجدوں کے سولر تک چوری کر لیے گئے، مگر نیب خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے۔فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا کہ کوہستان سکینڈل میں ملوث افراد نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کسی اور کے نام پر پراپرٹیز خریدی ہیں، یہاں تک کہ کوہستان کے عام شہریوں نے بھی ڈیرہ میں جائیدادیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بات جب نکلے گی تو فرانس تک جائے گی۔گورنر نے تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں پہلے یہ طے کریں کہ ان میں سے زیادہ کرپٹ کون ہے۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ کوہستان میں لوٹ مار کی گئی اور اس کے بعد عوام کا پیسا جائیدادوں میں لگا دیا گیا، مگر اب وقت آگیا ہے کہ ان تمام سوالات کے جوابات دیے جائیں۔انہوں نے سابق صوبائی حکومت پر مسجدوں کے سولر پینل تک غائب کرنے کا الزام دہراتے ہوئے کہا کہ ایسی کرپشن کے بانی چیئرمین کو خود جواب دینا ہوگا کہ خیبر پختونخوا میں کون لوٹ مار کر رہا ہے۔