کھانا پکانے کے دوران گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا، 17 سالہ مبین، 12 سالہ عبداللہ اور 8 سالہ بچی کی حالت تشویشناک
لاہور(کرائم رپورٹر) غازی آباد میں ایک گھر کے اندر گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میںایک بچی اور دو بچے شدید زخمی ہو گئے۔دھماکا اتنا شدید تھا کہ گھر کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ملحقہ گھروں کو بھی نقصان ہوا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو نکال کر فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق غازی آباد میں گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے ۔ ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ دھماکے سے عمارت کے کئی حصے منہدم ہو چکے ہیںجبکہ زخمیوں میں 17 سالہ مبین، 12 سالہ عبداللہ اور 8 سالہ بچی شامل ہیں۔ جنہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق گھر میں کھانا پکانے کے دوران گیس لیکیج کے باعث یہ دھماکا ہوا، تاہم تفتیش کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔