معروف ماڈل و اداکارہ نازش جہانگیر نے خود سے متعلق مبینہ طور پر غلط معلومات پھیلانے والوں کو خبردار کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر ایسا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو وہ قانونی کارروائی کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق، نازش جہانگیر نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پر ان سے متعلق غلط معلومات پھیلانے والے افراد، پیجز اور اداروں کو 24 گھنٹے کا وقت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کر کے معافی مانگیں۔ نازش جہانگیر نے واضح کیا کہ اگر یہ کارروائی نہ کی گئی تو وہ ان افراد اور سوشل میڈیا کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کے طور پر قانونی کارروائی کریں گی۔انہوں نے خبردار کیا کہ اس نوٹس پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف "دی پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ" (پیکا) کے تحت سخت قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
نازش جہانگیر نے اپنی پوسٹ میں واضح نہیں کیا کہ ان کے بارے میں کون اور کس قسم کی غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں، تاہم انہوں نے یہ ضرور ذکر کیا کہ اس سے قبل خبریں آئی تھیں کہ لاہور کی عدالت نے ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے نوآموز اداکار اسود ہارون سے فراڈ کیا، پیسے اور گاڑی بٹور کر واپس نہیں کی۔ اس سے قبل لاہور کی سیشن کورٹ نے ستمبر 2024 میں اس کیس میں ان کی ضمانت بھی منسوخ کی تھی۔نازش جہانگیر نے مارچ 2024 کے آغاز میں ندا یاسر کے شو میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف پروپیگنڈہ کے تحت جھوٹے الزامات لگاکر انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔