پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اور سینئر اداکارہ مرینہ خان نے پہلی بار اپنے سفید بال برقرار رکھنے کے فیصلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اس کے پیچھے چھپی ایک دلچسپ اور جذباتی کہانی مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے اپنے بالوں کو رنگنے کے بجائے قدرتی حالت میں کیوں رکھا ہوا ہے؟ جس پر مرینہ خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اس کی ایک وجہ ان کی اپنی سستی بھی ہے، کیونکہ بالوں کو ایک بار رنگنے کے بعد مسلسل ٹچ اَپ کروانا پڑتا ہے جو ان کے لیے مشکل ہے۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ باقاعدگی سے بالوں کو ڈائی کروانے کے عمل کو پسند نہیں کرتیں، تاہم ان کے اس فیصلے کے پیچھے ایک خوبصورت یاد بھی موجود ہے جو ان کی والدہ سے جڑی ہوئی ہے۔مرینہ خان نے بتایا کہ ایک مرتبہ وہ اسکول کے ایک پروگرام میں اپنی والدہ کو تلاش کر رہی تھیں۔ وہاں بہت سی خواتین موجود تھیں، اسی دوران انہیں ایک خاتون کے سفید بال نظر آئے۔ انہوں نے سوچا کہ یہ ان کی والدہ نہیں ہو سکتیں، کیونکہ ان کے ذہن میں والدہ کا تصور مختلف تھا، لیکن جب وہ دوبارہ وہاں گئیں تو معلوم ہوا کہ وہ خاتون واقعی ان کی والدہ ہی تھیں۔اداکارہ کے مطابق اس لمحے انہیں احساس ہوا کہ ان کی والدہ کے بال سفید ہو چکے ہیں، لیکن انہوں نے کبھی اسے چھپانے یا تبدیل کرنے کی کوشش نہیں کی۔
مرینہ خان نے کہا کہ اسی واقعے نے انہیں سوچنے پر مجبور کیا کہ اگر ان کی والدہ اپنے سفید بالوں کے ساتھ خوبصورت اور پُراعتماد نظر آ سکتی ہیں تو وہ خود بھی ایسا کر سکتی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے مکمل طور پر ہیئر کلر ترک نہیں کیا، بلکہ ماضی میں چند مرتبہ بال رنگوائے بھی ہیں، لیکن اسے اپنی مستقل عادت نہیں بنایا۔مرینہ خان کا کہنا تھا کہ وہ عمر بڑھنے کے قدرتی عمل کو قبول کرنے پر یقین رکھتی ہیں اور اپنے موجودہ انداز سے مطمئن ہیں۔واضح رہے کہ مرینہ خان پاکستان ٹیلی وژن کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے اپنے طویل فنی سفر کے دوران کئی یادگار ڈراموں میں کام کیا اور پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی منفرد پہچان بنائی۔