بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو بھارت کی ترقی دکھانے کے لیے پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان کی ہائی وے کی ویڈیو استعمال کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
بی جے پی نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا، "یہ نیا بھارت ہے جو صرف خواب ہی نہیں دیکھتا بلکہ ان کی تعبیر بھی کرتا ہے۔"بعد ازاں سوشل میڈیا صارفین نے نشاندہی کی کہ ویڈیو دراصل پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان میں واقع ایک ہائی وے کی ہے، جسے پاکستانی کنٹینٹ کریئیٹر ناردرن وائبس نے تیار کیا تھا۔رپورٹس کے مطابق ناردرن وائبس، جن کے انسٹاگرام پر ایک لاکھ 46 ہزار سے زائد فالوورز ہیں، نے بی جے پی کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، "بلتستان ہائی وے کب بھارت کا حصہ بنی؟ یہ میری ویڈیوز ہیں جو انہوں نے چوری کی ہیں۔"واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بی جے پی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد پارٹی نے مذکورہ ویڈیو اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے حذف کر دی۔