چوہنگ میں 3ڈاکو ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے، دوران واردات خواتین سے زیادتی بھی کرتے تھے
سی سی ڈی 2ملزمان کوبرآمدگی کیلئے راوی روڈ لے جارہی تھی، ماڈل ٹائون اور شاہدہ میں ایک، ایک ڈاکوہلاک
لاہور (کرائم رپورٹر)سی سی ڈی نے لاہور میں ایک ہی روز 4مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 7ڈاکو ہلاک کرنیکا دعویٰ کیا ہے، چوہنگ میں 3، یکی گیٹ میں 2، شاہدرہ ٹائون میں ایک اور سی سی ڈی ماڈل ٹائون کے ساتھ مقابلے میں بھی ایک ڈاکو مارا گیا،ہلاک ملزمان گھروں میں واردات کے دوران شہریوں کو زخمی اور لوٹ مار کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کے ساتھ ریپ بھی کرتے ، ملزمان ڈکیتی کی سینکڑوں وارداتوں میں سابقہ ریکارڈ یافتہ تھے۔سی سی ڈی ذرائع کے مطابق لاہور میں گزشتہ روزچوہنگ کے علاقہ این ایف سی سوسائٹی میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ڈی ایس پی فاروق اصغر اور ان کی ٹیم نے ڈاکو کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر رکھی تھی ،7 ملزمان نے ناکہ پر پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں اپنے ہی ساتھیوں کی گولیا ں لگنے سے یاسین عرف بدھو اوڈھ 2 ساتھیوں سمیت مارا گیا ، دیگر کی شناخت یاسین، سرفراز کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان خانیوال، قصور، شیخوپورہ ،لاہور سمیت دیگر اضلاع میں ہائوس ڈکیتی کی واردات کرتے تھے اور واردات کے دوران خواتین سے گن پوائنٹ پر ریپ کر کے فرار ہو جاتے تھے۔دوسرا مقابلہ شاہدرہ ٹائون کے علاقے میں ہوا جہاں انسپکٹر اسلام گجر پر مشتمل ٹیم نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ریڈ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی اور اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنتے ہوئے مختار عرف مختارا ہلاک ہو گیا، اسی طرح کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سٹی کوتوالی کے انسپکٹر غلام باری اہلکاروں کے ہمراہ ملزمان عاقب اور شہباز پرویز کو ریکوری اور نشاندہی کے لیے راوی روڈ کے علاقہ میں لے جا رہے تھے کہ ملزمان کے ساتھیوں نے انہیں چھڑوانے کے لیے پولیس پر فائرنگ کردی،گولیاں لگنے سے ان کے زیر حراست اپنے ہی دونوں ساتھی ہلاک ہو گئے۔ اسکے علاوہ ماڈل ٹائون سی سی ڈی نے مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم کو ہلاک کر دیا۔ہلاک ملزم کی شناخت ہارون کے نام سے ہوئی ہے،تمام ملزمان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ بھجوا دیا گیا ہے اور تھانہ سی سی ڈی میں ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔