پتنگ بازی پر 7سال تک قید

 پتنگ کی تیاری، فروخت ، نقل و حمل پر 5سے 50 لاکھ تک جرمانہ ہوگا،ترمیمی ایکٹ کا نٓفاذ ہوگیا 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب اسمبلی سے پتنگ بازی کی ممانعت کا ترمیمی ایکٹ 2024 منظور ہونے پرصوبے میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد ہو گئی۔ نئے قانون کے مطابق پنجاب میں پتنگ بازی کو ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے،پتنگ اڑانے والے کو 3 سے 5 سال قید یا 20 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہونگے ۔ اسی طرح پتنگ بازی، تیاری، فروخت،نقل و حمل پر 5 لاکھ سے 50 لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔ پابندی کا اطلاق پتنگوں، دھاتی تاروں، نائلون کی ڈوری، تندی، پتنگ بازی کیلئے تیز دھار مانجھے کیساتھ تمام دھاگوں پر ہوگا۔پتنگ ساز اور ٹرانسپورٹر کو 5 سے 7 سال قید یا 50 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہونگے۔ پتنگ بازی میں ملوث بچے کو پہلی بار 50 ہزار ،دوسری بار 1 لاکھ جرمانہ ہوگا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا پتنگ بازی میں تیز دھار ڈور کے استعمال سے کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے۔ حکومت نے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے پتنگ بازی پر مکمل پابندی کا قانون منظور کرایا ہے۔