تمام شہروں کے پانی و سیوریج مسائل کا حل نکالا جائے گا: وزیر بلدیات

پہلے مرحلے میں 40 شہروں کا تخمینہ تیار، 20 شہروں کی فزیبلٹی ورلڈ بینک کے سپرد کر دی گئی، اگلے مرحلے میں 110 مزید شہروں کو پروگرام میں شامل کریں گے
پراجیکٹ پر 150 ارب لاگت آئے گی، اگلے 25 سال کی سیوریج اور واٹر سپلائی کی ضروریات مدنظر رکھیں گے، دیہی جوہڑوں کا پانی ٹریٹ کریں گے، ذیشان رفیق 
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایک اجلاس کے دوران چیف منسٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گل اور پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز نے بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ مرحلہ وار پنجاب کے تمام شہروں کے پانی اور سیوریج مسائل کا حل نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چیف منسٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کی منظوری دے دی۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی منصوبے مکمل کریگی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ تمام منصوبوں میں سیوریج سسٹم کو سولرائزڈ کیا جائے گا، پی ایم ڈی ایف سی نے 189 چھوٹے بڑے شہروں کی فہرست تیار کر لی ہے۔ پہلے مرحلے میں 40 شہروں کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے جبکہ 20 شہروں کی فزیبلٹی ورلڈ بینک کے سپرد کر دی گئی ہے۔ اگلے مرحلے میں 110 مزید شہروں کو پروگرام میں شامل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی خاص بات سٹارم واٹر محفوظ کرنے کیلئے پانڈنگ ایریاز بنانا ہیں۔ یونیسیف نے شیخوپورہ میں مکمل ہونے والے پائلٹ پراجیکٹ کی تعریف کی ہے۔ پانڈنگ ایریاز کے ساتھ پارک بھی بنائے جا رہے ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پراجیکٹ پر 150 ارب روپے لاگت آئے گی۔ تمام شہروں کی اگلے 25 سال کی سیوریج اور واٹر سپلائی کی ضروریات مدنظر رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی ایف سی دیہات کے روایتی چھپڑوں کی بحالی پر بھی کام کر رہی ہے۔ یہ چھوٹے چھوٹے آبی ذخیرے قدرتی ماحول کی حفاظت کے لیے اہم تھے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ گندے پانی کے جوہڑوں میں بدل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی جوہڑوں کا پانی ٹریٹ کر کے زرعی مقاصد کیلئے استعمال کریں گے۔ دیہی چھپڑوں کی بحالی سے آبی حیات کے لیے بھی سازگار ماحول میسر آسکے گا۔