یوکرین نے روس کے مقبول بچوں کے کارٹون ‘‘ماشا اینڈ دی بیئر’’ کے پروڈیوسرز اور تقسیم کاروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارٹون روس کے حق میں بیانیہ پھیلانے کا ذریعہ بن رہا ہے اور اس سے یوکرین کی قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔یوکرین کی وزیرِ ثقافت تاتیانا بریژنا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ حکومت نے کارٹون بنانے والوں اور اسے تقسیم کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دی ہے تاکہ اس کے مواد کو محدود کیا جا سکے اور عالمی پلیٹ فارمز پر اس کی آمدنی اور تقسیم کو روکنے کے اقدامات کیے جا سکیں۔اس حوالے سے، یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جمعرات کو اس کارٹون سے متعلق حکم نامے پر دستخط کیے ہیں، جس میں کارٹون بنانے والی کمپنی اسٹوڈیو اینیماکارڈ سمیت دیگر افراد اور ادارے بھی پابندیوں کی زد میں آئے ہیں۔
’’ماشا اینڈ دی بیئر‘‘ دنیا بھر میں انتہائی مقبول ہے، جس میں ماشا نامی شرارتی بچی اور اس کے دوست ریٹائرڈ سرکس ریچھ کی کہانی دکھائی جاتی ہے۔ اس کارٹون کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یوٹیوب پر اس کے ویڈیوز 37 ارب سے زیادہ مرتبہ دیکھے جا چکے ہیں، جن میں سے بعض اقساط چار ارب سے زیادہ مرتبہ دیکھے گئے ہیں۔یہ کارٹون تقریباً 100 ممالک میں نشر ہوتا ہے، مگر بعض اقوام، جن میں یوکرین، برطانیہ اور ایسٹونیا شامل ہیں، اس کی تنقید کرتے رہے ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ یہ کارٹون روس کا مثبت تاثر پیش کرتا ہے اور روس کے ثقافتی اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے نرم طاقت کے طور پر استعمال ہو سکتا ہے۔