افسوس سے کہنا پڑتا ہے، سیاسی جماعتوں کا مزاج کرپشن اور دنگا فساد ہے‘ مسلم لیگ ن کا مزاج صرف خدمت اور ترقی ہے
سیاسی جماعتیں خدمت کی روش اپنائیں تو ملک ترقی کرتا ہے:وزیراعلی کا جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے فتتاح پر خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نے کہا یہ ہسپتال میرا خواب تھا، دل کا مرض اتنا بڑھ گیا، ہر گھر میں دل کا مریض موجود ہے، پورے پاکستان سے امراض قلب کے مریض علاج کیلئے یہاں آسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں صحت سے بڑی کوئی نعمت نہیں، بااختیار لوگوں کو اللہ نے عوام کی خدمت کیلئے چنا ہے، اچھا کام کرنے پر عوام سے پہلے آپ کا دل گواہی دے گا۔ان کا کہنا تھا کہ روزانہ عوامی فلاح کیلئے فیصلے کرنا میری ذمہ داری ہے، سیاسی جماعتوں کی توجہ صرف عوامی خدمت پر ہونی چاہیے۔مریم نواز نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے، جماعتوں کا مزاج کرپشن اور دنگا فساد ہے، مسلم لیگ ن کا مزاج صرف خدمت اور ترقی ہے، اگر تمام سیاسی جماعتیں خدمت کی روش اپنائیں تو ملک ترقی کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہارٹ ٹرانسپلانٹ کے کم از کم اخراجات 50 ہزار ڈالر ہیں، ہارٹ ٹرانسپلانٹ کیلئے فنڈ قائم کیا جائے گا، جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کل سے ہارٹ ٹرانسپلانٹ شروع ہوگا، پنجاب کے عوام کیلئے امراض قلب کا مفت علاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا عوام کو ان کا حق نہ ملے تو حکومت ناکام تصور ہوگی