پنجاب :9688 خطرناک مجرم گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویڑن کی تکمیل کے لیے لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس جرائم پیشہ اور ملک دشمن عناصر کی سرکوبی میں سرگرم عمل ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ قتل، اغوا برائے تاوان، زیادتی، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث گینگز کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔رواں سال کے دوران پنجاب پولیس نے 3,878 گینگز کے 9,688 خطرناک مجرمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 2 ارب 35 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا۔ مال مسروقہ میں گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، موبائل فونز، سونا، مویشی اور نقدی شامل ہیں۔ مجرمان کے قبضہ سے 1,261 کلاشنکوف، 2,191 رائفلز، 26,338 پسٹلز، 2,331 بندوقیں، 353 ریوالور اور ایک لاکھ 92 ہزار سے زائد گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ لاہور میں 1,911 گینگز کے 4,353 مجرمان گرفتار ہوئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے افسران کو ہدایت دی کہ خطرناک مجرمان کے خلاف آپریشنز جاری رکھے جائیں تاکہ پنجاب کو کرائم فری صوبہ بنایا جا سکے۔