وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کے درمیان مشترکہ حکمت عملی کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کے ایئرپورٹس پر سہولتوں میں بہتری اور سکیورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق متعدد فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ میجر جنرل نور ولی خان، ایڈیشنل سیکرٹری دفاع میجر جنرل قیصر سلیمان، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید اور ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مکمل ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ مسافروں کو فوری، آسان اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس کے ساتھ ایئرپورٹس پر چیکنگ کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔حکام کے مطابق ایئرپورٹس پر جدید مشینری نصب کی جائے گی جبکہ جوائنٹ کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ مختلف اداروں کی مشترکہ چیکنگ ایک ہی مقام پر ممکن ہو سکے۔ اس اقدام کا مقصد مسافروں کے وقت کی بچت اور نظام کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔
اجلاس میں ای گیٹس کی تنصیب سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے ذریعے مسافروں کو تیز تر امیگریشن کلیئرنس اور کم وقت میں سہولت میسر آئے گی۔محسن نقوی نے اجلاس میں کہا کہ ایک ہی اسکینر پر مشترکہ چیکنگ سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی سے ایئرپورٹس پر رش اور انتظار کے دورانیے میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ شہریوں کو جدید، تیز اور آسان سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔اجلاس میں سیکرٹری دفاع نے یہ بھی بتایا کہ ایئرپورٹس پر طیاروں کو پرندوں کے ٹکراؤ سے ہونے والے ممکنہ حادثات سے بچانے کے لیے جدید مشینری درآمد کی جا رہی ہے تاکہ فضائی حفاظت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔